5 جنوری 2013
وقت اشاعت: 14:17
پاکستان اور بھارت کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ کل ہوگا
اے آر وائی - پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے کل نئی دہلی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان تین میچوں کی سیریز پہلے ہی اپنے نام کرچکا ہے۔ دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں مدمقابل ہیں سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میں جس پر ہونے والے واحد میچ میں پاکستان ٹیم نے ایک سو انسٹھ رنز سے فتح حاصل کی تھی یوں کولکتہ کے ایڈن گارڈنز کی طرح فیروز شاہ کوٹلہ بھی پاکستان کا لکی گراونڈ ہے۔
اس سے قبل کھیلے گئے دونوں ون ڈے جیت کر قومی ٹیم سیریز تو اپنے نام کرچکی ہے۔ چنئی کے پہلے و ن ڈے میں پاکستان نے چھ وکٹ سے فتح حاصل کی اور پھر کولکتہ میں پچاسی رنز سے کامیابی سمیٹی اور اب کپتان مصباح الحق سیریز میں وائٹ واش کے لیے پرعزم ہیں۔ پے در پے شکست کے بعد بھارتی ٹیم بکھری بکھری سی دکھائی دے رہی ہے۔ پاکستان کے خلاف سیریز میں بھارت کی جانب سے پرفارم کرنے والے مہندرا سنگھ دھونی بھی کمر کی تکلیف کا شکار ہیں جس کی وجہ سے ان کی اس میچ میں شرکت مشکوک ہے۔
پاکستان ٹیم کے سیریز جیتنے کے بعد اس میچ میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے جوہر دکھانے کا موقع ملنے کی امید ہے تو بھارتی ٹیم میں بھی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ ہندو انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے دھمکیوں کے بعد اسٹیڈیم کے اطراف سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔