11 جنوری 2013
وقت اشاعت: 13:48
پہلا ون ڈے:آسٹریلیا نے سری لنکا کو 107 رنز سے ہرا دیا
اے آر وائی - آسٹریلیا نے سری لنکاکو پہلے ون ڈے میں ایک سو سات رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے سبقت حاصل کرلی ہے۔ میلبورن میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس آسٹریلیا نے جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
میزبان ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو ارون فنچ صرف سولہ رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ عثمان خواجہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھر سکے اور باہتر کے مجموعی اسکور پر رن آوٹ ہوگئے۔ جس کے بعد جارج بیلی اور فلپ ہوئیز نے مل کر اسکور میں ایک سو چالیس رنز کا اضافہ کیا۔ ہوئیز ایک سو بارہ اور بیلی نواسی رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
آسٹریلیا نے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر تین سو پانچ رنز بنائے۔جوابی اننگزمیں سری لنکن سائیڈ عمدہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم ایک سو اٹھانوے رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ دنیش چندی مل تہتر اور دلشان اکیاون رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کلنٹ میکے نے چار اور مچل جانسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔