4 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 19:18
اشتہارات دینے کی پالیسی مرکزی ہونی چاہیے،قمر زمان کائرہ
اے آر وائی - وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ تمام وزارتیں اپنے اشتہارات کا بجٹ وزارت اطلاعات کو فراہم کریں۔ ادارے وزارت اطلاعات کو اطلاع دیے بغیر اشتہارات دیتے ہیں۔ اس عمل کو روکنے کی ضرورت ہے۔ اخبارات اور چینلز کو اشتہارات دینے کی پالیسی مرکزی ہونی چاہیے۔
سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس سینیٹر کامل علی آغا کی سربراہی میں ہوا۔ قمرزماں کائرہ نے اجلاس میں اشتہارات کی تقسیم اور ٹی وی پروگرامز پر سیاستدانوں کے تضحیک کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انفوٹینمنٹ کے نام پر بعض اوقات فحاشی اور تحقیر آمیز چیزیں نشر کی جاتی ہیں۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر ظفر علی شاہ نے موقف اختیار کیا کہ ایسے پروگراموں کو نہیں روکا جاسکتا جن میں کی جانے والی تنقیدی اور اصلاحی طنز و مزاح کو عوام پسند کریں اور جس سے سیاستدانوں کی غلطیاں اور کمزوریاں عوام کے سامنے آئیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت اطلاعات کا سیکرٹ فنڈ آڈٹ ہے اور دستاویزات پر موجود ہے۔ کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوئس حکام کو لکھنے جانے والے خط کے مسودے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے ساتھ تمام معاملات یقینی طور پر طے پاجائیں گے اور حکومت کی کوشش معاملات کو طے کرنے کی ہے۔