14 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 12:49
انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرہونے کا ارادہ نہیں ہے، شاہد آفریدی
اے آر وائی - پاکستان کے آل رائونڈر شاہد آفریدی نے ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں ناقص کارکردگی پر پرستاروں سے معذرت کی ہے تاہم شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ انکا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
سری لنکا میں منعقدہ ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں شاہد آفریدی نے صرف تیس رنز بنائے اور چار وکٹیں حاصل کیں۔ چیمپئنز لیگ میں ہیمپشائر کی نمائندگی کے بعد وطن واپسی پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہاکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں خراب کارکردگی پر وہ معذرت خواہ ہیں ۔
انشااللہ آئندہ سیریز میں وہ بہتر کھیل پیش کرکے شائقین کی توقعات پوری کرنے اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی ناقص کارکردگی کا ازالہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔تاہم ابھی انکا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ فارم بحال کرنے کیلئے وہ اگلی سیریز سے سخت محنت کریں گے۔