تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
20 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 10:35

پاکستان میں ساڑھے تین سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال

اے آر وائی - انٹرنیشنل ورلڈ الیون اور پاکستان آل اسٹارز الیون کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچز کا آغاز آج سے کراچی میں ہورہا ہے۔انٹرنیشنل ورلڈ الیون اور پاکستان اسٹارز الیون کے درمیان دو نمائشی میچوں کا پہلا مقابلہ ہوگا آج رات سات بجے۔۔۔ کرکٹ شائقین بوم بوم آفریدی کو ان ایکشن دیکھنے کیلئے بے تاب ہیں۔



لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دوہزار نو میں ہونے والے حملے کے بعد پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے اور کوئی بھی ٹیم پاکستان آنے کے لیے تیار نہ تھی۔ ایسے میں سندھ کے وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ نے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے کراچی میں دو نمائشی میچوں کا اہتمام کیا جس میں سری لنکا ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں پر مشتمل انٹرنیشنل ورلڈ الیون کو مدعو کیا۔



خوف کو شکست دینے کا عزم لیے یہ غیر ملکی کرکٹرزکراچی پہنچ چکے ہیں جو ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب پہلا قدم ہے۔ انٹرنیشنل ورلڈ الیون۔۔۔ پاکستان اسٹارز الیون کے ساتھ ہفتے اور اتوار کو دو ٹی ٹوینٹی میچ کھیلیں گے۔



پاکستان اسٹارز الیون کی قیادت مایہ ناز آل راوٴنڈر شاہد آفریدی کررہے ہیں جبکہ قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان کو ٹیم منیجر مقرر کیا گیا ہے۔ ان میچوں کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں جس کے لیے گراوٴنڈ اور پچ کی تیاری کے ساتھ اسٹیڈیم کی صفائی کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ نمائشی میچوں کے لیے عوام میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے اور شائقین کرکٹ ان میچوں کو دیکھنے کے لیے لمبی لمبی قطاروں میں کھڑے ہوکر ٹکٹ خرید رہے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.