8 نومبر 2012
وقت اشاعت: 8:1
پاک، بھارت سیریز سے عوام میں قربت بڑھے گی،عمران خان
اے آر وائی - پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سیاستدان عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی سیریز سے پڑوسی ممالک کے عوام کے درمیان قربت بڑھے گی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنی حکومت کی منظوری سے پاکستان ٹیم کو دو ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے میچز کیلئے مدعوکیاہے۔پاک ٹیم پچیس دسمبر کو بنگلور میں پہلے ٹی ٹوئنٹی سے دورے کاآغاز کرے گی۔
بھارتی ریاست ہریانہ میں پاک،بھارت کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ دورے سے پڑوسی ممالک کے درمیان اعتماد سازی میں مدد ملے گی اور باہمی تعلقات میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہاکہ بہت سے افراد ذاتی مفاد کیلئے نفرت کو ہوا دیتے ہیں لیکن پاکستان اور بھارت کے عوام امن چاہتے ہیں اور کرکٹ کے عمدہ مقابلے ہمیشہ لوگوں کو قریب لانے کا باعث بنتے ہیں۔ آئی پی ایل میں پابندی کی وجہ سے بھارتی شائقین شاہد آفریدی کو کئی سال سے ایکشن میں نہیں دیکھ سکے۔عمران خان نے کہاکہ پاکستانی کرکٹرز کی شمولیت سے آئی پی ایل کی دلچسپی میں بھی اضافہ ہوگا۔