27 جون 2013
وقت اشاعت: 6:7
کنفیڈریشنز کپ: برازیل نے یوروگوئے کو ہراکر فائنل میں جگہ بنالی
جیو نیوز - بیلوہوریزونٹے …برازیل نے یوروگوئے کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر کنفیڈریشنز کپ فٹ بال کے فائنل میں جگہ بنالی۔ برازیل کے شہر بیلو ہوریزونٹے میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں میزبان ٹیم بھرپور فارم میں نظر آئی، پہلے برازیلین گول کیپر ہولیو سیزار نے ڈئیگو فرلان کی پنلٹی کک کو جال میں جانے سے روکا، اس کے بعد فریڈ نے نیمار کے ری باؤنڈ پر گول کر کے ٹیم کو برتری دلادی۔ 48 ویں منٹ میں یوروگوئے کے ایڈینسن کاوانی نے اسکور برابر کرکے میچ کو دلچسپ بنادیا، لیکن اختتام سے 6 منٹ قبل پولینہو نے نیمار کے کراس پر فیصلہ کن گول کرکے ٹیم کو فتح دلادی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی برازیل کی ٹیم کنفیڈریشنز کپ کے فائنل میں پہنچ گئی، جہاں 30 جون کو اسکا مقابلہ اسپین یا اٹلی سے ہوگا۔