تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
30 جون 2013
وقت اشاعت: 21:31

ایشین باکسنگ کنفیڈریشن چیمپئن شپ :پاکستانی ٹیم اردن پہنچ گئی

جیو نیوز - کراچی …شکیل یامین کانگا …پاکستانی ٹیم ایشین باکسنگ کنفیڈریشن باکسنگ چیمپئن شپ میں حصہ لینے کیلئے اتوار کی رات اردن پہنچ گئی، چیمپئن شپ کا پیر سے آغاز ہوگا، چیمپئن شپ میں 37 سے زائد ایشین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں چار رکنی ٹیم میں عامر خان، میر بالاچ باکسر جبکہ اقبال حسین منیجرا ور علی بخش کوچ کی حیثیت سے شامل ہیں۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور ٹیم کے منیجر اقبال حسین نے بتایا کہ ڈیڑھ سال بعد کوئی پاکستانی باکسنگ ٹیم انٹرنیشنل ایونٹ میں حصہ لینے کیلئے اردن گئی ہے، ٹیم میں عامر خان 64 کے جی میں اور میر بالاچ 60 کے جی کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ چیمپئن شپ یکم جولائی سے شروع ہورہی ہے پہلے باکسرز کے ویٹ ہوں گے اس کے بعد ڈراز نکالے جائیں گے۔ ابتداء میں ہم نے ایونٹ میں شرکت کیلئے آٹھ باکسرز کو شارٹ لسٹ کیا تھا لیکن آرمی اور نیوی کے انتظامیہ نے رابطہ کرنے کے باوجود اپنے باکسرز کی دستیابی کیلئے کوئی جواب نہیں دیا۔ بلوچستان کے نثار حسین کا پاسپورٹ نہیں بنا ہوا تھا اس لئے وہ نہیں جاسکا اور علی احمد بھی پاسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے رہ گیا۔ دونوں باکسروں نے تجربہ کار کوچ علی بخش سے بہترین ٹریننگ لی ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ ہمارے باکسرز کوئی نہ کوئی میڈل ضرور حاصل کرلیں گے اگر زیادہ باکسرز ہوتے تو میڈل کے امکانات زیادہ تھے بہرحال ہم اپنے باکسروں کی بہتر کارکردگی کیلئے پرامید ہیں۔ پاکستانی باکسنگ ٹیم تقریباً ڈیڑھ سال کے بعد کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں حصہ لے رہی ہے۔ اقبال حسین کا کہنا تھاکہ سابق سیکرٹری نے انٹرنیشنل ایونٹس میں ٹیم کو بھیجنے کے کئی بار دفعہ دعوے کئے لیکن ٹیم نہیں بھیج سکے، کیونکہ آئبا سے الحاق نہ ہونے کی وجہ سے انہیں انٹرنیشنل ایونٹ میں ٹیم بھیجنے کا اختیار نہ تھا۔ پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن سے الحاق ہونے کے باعث ہماری ٹیم کو عالمی مقابلوں میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے اس لئے آئندہ کوئی بھی ایونٹ ہوگا ہماری ٹیم اس میں شرکت کرے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.