3 جولائی 2013
وقت اشاعت: 10:7
کیوی فاسٹ باؤلر کرس مارٹن نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
جیو نیوز - ویلنگٹن… نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر کرس مارٹن نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ 38 سالہ مارٹن نے نیوزی لینڈ کی جانب سے 71 ٹیسٹ میچوں میں 233 وکٹیں حاصل کیں، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے رچرڈ ہیڈلی اور ڈینیل ویٹوری کے بعد زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 20 ون ڈے اور 6 ٹی 20 میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی۔ اپنے ایک بیان میں کرس مارٹن نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو ایک دن کھیل کے میدان کو چھوڑنا پڑتا ہے اور میرے نزدیک یہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا بہترین وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے وطن کی جانب سے ایک لمبے عرصے تک کرکٹ کھیلنا اعزاز کی بات ہے، جتنی بھی کرکٹ کھیلی اسے خوب انجوائے کیا۔ کرس مارٹن نے کہا کہ وہ اپنے خاندان، دوستوں، ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور بورڈ کے بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں میری بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے موجودہ کپتان برینڈن میک کلم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ان کی قیادت میں کیوی ٹیم مستقبل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔