تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
12 جولائی 2013
وقت اشاعت: 21:38

باکسرز کی کارکردگی سے مطمئن ہوں،اقبال حسین

جیو نیوز - کراچی …شکیل یامین کانگا…پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری اقبال حسین نے کہا کہ موجودہ حالات میں وہ باکسرز کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، ٹیم کو اپنے خرچ پر ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت کرا کے ایک نئی تاریخ رقم کی، سابق عہدیدار گزشتہ ڈیڑھ سال سے صرف اخباری بیان دیتے رہے باکسروں کو انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کیلئے بھیج نہیں سکے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے اے ایس بی سی چیمپئن شپ 2013 ء میں شرکت کے بعد اردن سے واپسی پر جنگ س باتیں کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ آٹھ باکسرز کو اردن لیکر جاتے لیکن مختلف ڈپارٹمنٹس کے حکام نے کھلاڑیوں کو بھیجنے میں دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ پی او اے اور پی ایس بی کے درمیان ہونے والے تنازع کے باعث حکومتی ادارے نے کھلاڑیوں کی ٹریننگ کا بندوبست نہیں کیا۔ ٹریننگ بھی ہم نے خود اپنے خرچ پر کرائی بہرحال ڈیڑھ سال بعد انٹرنیشنل ایونٹ میں اگرچہ ہمارے کھلاڑی کوئی میڈل نہیں جیت سکے لیکن ان کی کارکردگی بھی اتنی بری نہیں رہی۔ میر بالاج اور عامر خان کے مقابلے میں دنیا کے بہترین باکسرز سے ہوئے ہمارا ایک باکسر 9-10اور دوسرا 8-10 سے ہارا۔اقبال حسین نے بتایا کہ ایونٹ کے دوران اے ایس بی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عزیزوف سے بھی ملاقات ہوئی او انہیں پاکستان کے ریفری ججز کے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں نظر انداز کئے جانے پر اپنی تشویش سے اگاہ کیا جبکہ پاکستانی کوچز کے تھری اسٹار ری سرٹیفائیڈ کئے جانے پر بھی تبادل خیال کیا۔ عزیزوف نے ریفری ججز اور کوچز کے معاملات پر سیکرٹری جنرل کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ایک سوال کے جواب میں اقبال حسین کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں پی او اے پر پابندی سے کچھ فرق نہیں پڑے گا۔ ایشین باکسنگ میں بھارت نے گولڈ میڈل جیتا اور وکٹری اسٹینڈ پر بھارت کے جھنڈے کے بجائے آئبا کا پرچم لگایا گیا جبکہ بھارت کا قومی ترانہ بھی نہیں بجایا گیا۔ ایک محب وطن کیلئے یہ منظر قیامت سے کم نہیں جب ملک کے جیتنے کے باوجود جھنڈا اور قومی ترانہ نہ بجایا جائے۔ لیکن یہ تمام باتیں اسپورٹس پر مارشل لا لگانے کے خواہش مند افراد کی سمجھ سے باہر ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.