22 جولائی 2013
وقت اشاعت: 20:30
ساؤتھ ایشین انڈر 16 فٹ بال: پاکستان اور بھوٹان کا میچ ڈرا
جیو نیوز - کراچی…شکیل یامین کانگا… ساؤتھ ایشین انڈر 16 فٹ بال چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن پاکستان اور بھوٹان کے درمیان میچ بھی بغیر کسی گول کے برابر رہا جبکہ میزبان نیپال اور افغانستان کی ٹیمیں بھی ایک ایک گول کی برابری پر کھیل کے اختتام پر میدان سے باہر آئیں۔ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے آرمی فٹ بال اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھوٹان کے درمیان کھیلا گیا میچ مقررہ وقت تک بغیر کسی گول کے برابر رہا اس سے قبل پاکستان اور افغانستان کا میچ بھی بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔ گروپ اے میں میزبان نیپال کی ٹیم چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، پاکستان کی ٹیم دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ افغانستان کی ٹیم بھی دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر اور بھوٹان کی ٹیم ایک پوائنٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ پاکستانی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی ناممکن دکھائی دے رہے ہیں۔ اگر بدھ کو چیمپئن شپ میں ہونے والے میچ میں پاکستانی ٹیم میزبان نیپال کو بڑے مارجن سے شکست دینے میں کامیاب ہوگئی تو پھر سیمی فائنل میں اس کے کھیلنے کے امکانات واضح ہوجائیں گے۔ گروپ بی میں بھارت کی ٹیم تین پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ اس گروپ میں بھارت کے علاوہ بنگلہ دیشن اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ گروپ کی چوتھی ٹیم مالدیپ تھی لیکن اس نے ایونٹ میں شرکت نہیں کی۔ بھارت نے پہلے میچ میں سری لنکا کو 4-1 سے شکست دی۔ گروپ کا دوسرا میچ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان جبکہ جمعرات کو بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ ہوگا۔ اس گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل میں شرکت کریں گی۔ 20 جولائی سے 30 جولائی تک جاری رہنے والے اس ایونٹ کے سیمی فائنلز 27 اور 28 جولائی کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 30 جولائی کو ہوگا۔