5 اگست 2013
وقت اشاعت: 20:55
پاکستان میں انٹریشنل فٹ بال کی بحالی اعزاز ہے، رئیس خان
جیو نیوز - کراچی …شکیل یامین کانگا…پاکستان میں انٹریشنل فٹ بال کی بحالی اعزاز کی بات ہے، کراچی میں انڈر 16 فٹ بال کے سلسلے میں ایشین فٹ بال فیڈریشن کے وفد کی آمد خوش آئند ہے، اس بات کا اظہار مارٹا ویمنز فٹ بال کلب کے صدر رئیس خان نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اے ایف سی کے وفد میں شامل محمد سلمان اور سومینوری نوری گھوکھہ سے میری ملاقات ہوئی تھی جس میں ان سے درخواست کی تھی کہ پاکستان کو انڈر 16 کے علاوہ بھی ایونٹس دیئے جائیں، پاکستان میں فٹ بال کا کھیل کافی مقبول ہے، ہمیں جتنے زیادہ ایونٹس ملے گے یہ کھیل گراس روٹ لیول پر اتنا ہی زیادہ مقبولیت حاصل کرے گا۔ دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی دہشت گردی کا شکار ہے، لیکن ہمارے ملک میں رہنے والے سارے دہشت گرد نہیں، کھیلوں خاص طور پر فٹ بال سے محبت کرنے والے لوگ بھی ہیں، خواتین فٹ بال میں بھی پاکستان نے کافی ترقی کی ہے آج ہماری قومی خواتین ٹیم انٹرنیشنل ایونٹس میں حصہ لے رہی ہے۔ رئیس خان نے بتایا کہ اے ایف سی کے وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل مقابلوں کیلئے محفوظ اور پرسکون جگہ ہے، ہم اے ایف سی کی اعلی عہدیداروں سے یہاں مردوں اور خواتین کے انٹرنیشنل مقابلے کرانے کی بھرپور سفارش کریں گے۔ دریں اثناء یونین کلب کراچی میں سندھ ٹینس ایسو سی ایشن کے زیراہتمام اور پاکستان ٹینس فیڈریشن کے تعاون سے جونیئرز کھلاڑیوں کو آگے لانے کیلئے کوچنگ کیمپ جاری ہے۔ سندھ ٹینس ایسو سی ایشن کے نائب صدر خالد رحمانی کے مطابق کیمپ میں چار بوائز اور پانچ گرلز شرکت کررہی ہیں جنہیں ڈیوس کپ جلیل خان ٹریننگ دے رہے ہیں، پاکستان ٹینس فیڈریشن اس کیمپ کو اسپانسر کررہی ہے، جس کا مقصد جونیئر کھلاڑیوں کو کھیل میں آگے لانا اور انہیں کھیل کی بنیادی تکنیک سے آگاہ کرنا ہے۔ پی ٹی ایف کے زیراہتمام ٹریننگ کیمپ ملک کے مختلف شہروں میں لگائے گئے ہیں۔ کراچی کے کیمپ میں کھلاڑی جلیل خان سے ٹریننگ لے رہے ہیں۔ کیمپ کا انعقاد دو مرحلوں میں ہوگا پہلا فیز جاری ہے جس کا اختتام بدھ کو ہوگا جبکہ دوسرے فیز کا آغاز عیدالفطر کے بعد ہوگا۔ خالد رحمانی کا کہنا تھا کہ رمضان کی وجہ سے تمام کھیلوں کی سرگرمیاں ماند پڑ جاتی ہیں اب جلد ہی ٹورنامنٹس کا اعلان کیا جائے گا جن کا انعقاد عید کے بعد ہوگا۔ دریں اثناء خالد رحمانی نے نوفل کلیم کو ایشین ٹینس کی انڈر 14 کیٹگری میں مسلسل تین ماہ سے ٹاپ سیڈ رہنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ کسی کھلاڑی نے مسلسل تین ماہ تک انڈر 14 کیٹیگری میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے۔