تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
21 اگست 2013
وقت اشاعت: 22:1

فٹ بال: سربین کوچ برطرف ،بحرین کے محمد شملان مبارکنئے کوچ مقرر

جیو نیوز - کراچی …شکیل یامین کانگا…پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے سربین کوچ میلوزووک زاوی سا کو فوری طور پر برطرف کرکے بحرین کے محمد شملان مبارک شملان کو قومی ٹیم کا نیا کوچ مقرر کردیا ہے، شملان مبارک پاکستان پہنچ گئے ہیں اور ساف چیمپئن شپ کے بعد قومی ٹیم کو کوچنگ کا چارج سنبھال لیں گے۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ سید فیصل صالح حیات نے جنگ سے ٹیلی فون پر باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ بحرینی فٹ بال فیڈریشن سے مذاکرات کامیاب رہے اور انہوں نے ہماری بات مان کر اپنی قومی ٹیم کا کوچ ہمیں دینے کا فیصلہ کیا تاکہ پاکستان بھی عالمی فٹ بال میں اپنا مقام بنا سکے۔ میں اے ایف سی کے صدر شیخ سلمان خلیفہ اور بحرین فٹ بال کے صدر شیخ علی بن خلیفہ کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ہماری ڈیمانڈ کے مطابق اپنا قومی کوچ پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کیلئے دیا۔ یہ کوچ ہمیں بغیر کسی معاوضے کے دیا گیا ہے جبکہ بحرین فٹ بال شملان کو کروڑوں روپے کی مد میں معاوضہ ادا کرے گا۔ ہم کوچ کو صرف رہنے، کھانے پینے اور سفری سہولت فراہم کریں گے۔ فیصل صالح حیات کا کہنا تھاکہ سربین کوچ سے دو سال کا معاہدہ کیا تھا لیکن وہ ٹیم کی کارکردگی بہتر نہیں کرسکے۔اس لئے انہیں فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ابھی ان کی دو سالہ مدت کے دو مہینے باقی ہیں وہ چاہیں تو یہاں رہیں یا اپنے ملک روانہ ہوجائیں۔دریں اثناء این بی پی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ کے افتتاحی روز دفاعی چیمپئن اسجد اقبال محمد آصف کے ہاتھوں شکست کھا گئے جبکہ محمد سجاد نے 102 اور محمد بلال نے 117کا سنچری بریک کھیلا۔ بابر مسیح، ابوصائم فرحان نور کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی جیم خانہ میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن اسجد اقبال کو ورلڈ چیمپئن محمد آصف نے 4-2 کی شکست دی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.