23 اگست 2013
وقت اشاعت: 16:9
ٹیسٹ کرکٹرعمر اکمل کے مزید ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ
جیو نیوز - لاہور…نیورولوجسٹ سے ابتدائی چیک اپ کرانے کے بعد ٹیسٹ کرکٹرعمر اکمل کے مزید ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ عمر اکمل کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک تمام ٹیسٹ اور چیک اپ تسلی بخش آئے ہیں۔ عمر اکمل کو کیریبین پریمیر لیگ کے دوران دورے پڑے تھے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انکا نام زمبابوے جانے والی ٹیم سے واپس لے لیا تھا۔ بورڈ نے انہیں مکمل میڈیکل چیک اپ کرانے کی ہدایت کی تھی ، پہلے مرحلے میں ایم آر آئی سکین کرایا گیا جس کے بعد نیورولوجسٹ کو دکھایا گیا ، ڈاکٹر نے انہیں مشورہ دیا کہ صرف ایم آر آئی پر انحصار نہیں کیا جا سکتا۔ مزید ٹیسٹ کرانے کی ضرروت ہے۔ عمر اکمل کے قریبی زرائع کا کہنا ہے کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ اب تک ہونے والا تمام میڈیکل چیک اپ تسلی بخش ہے۔ ڈاکٹرز اور پی سی بی تمام زاویوں سے تسلی کرنا چاہتے ہیں، جس سے وہ مطمئن ہیں۔