25 اگست 2013
وقت اشاعت: 20:49
اسجد اقبال ،این بی پی اسنوکر چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے
جیو نیوز - کراچی …شکیل یامین کانگا… دفاعی چیمپئن اسجد اقبال نے سخت مقابلے کے بعد سہیل شہزاد کو حیران کن شکست دیکر این بی پی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ ساڑھے تین گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہا۔ شاہد آفتاب اور خرم حسین آغا کے درمیان بھی سخت مقابلہ ہوا جس میں شاہد آفتاب نے فتح حاصل کی۔ ورلڈ چیمپئن آصف اقبال نے سابق قومی چیمپئن محمد سجاد کو شکست دیکر ٹورنامنٹ سے آؤٹ کیا۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل پیر کو صبح ساڑھے نو بجے کھیلا جائے گا۔ بیسٹ آف الیون کا پہلا سیمی فائنل محمد آصف اور شاہد آفتاب کے درمیان اور دوسرا سیمی فائنل اسجد اقبال اور عمران شہزاد کے درمیان کھیلا جائے گا۔ نیشنل بینک اسپورٹس کمپلکس میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے کوارٹرز فائنل میں اتوار کو دلچسپ مقابلے ہوئے۔ بیسٹ آف نائن مقابلوں میں دفاعی چیمپئن اور نمبر گیارہ سیڈ اسجد اقبال نے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمبردو سیڈ سہیل شہزاد کو 5-4 سے شکست دی۔ سہیل شہزاد نے ابتدائی چار فریمز جیت کر اپنی کامیابی کو بالکل یقینی بنا لیا تھا لیکن اس موقع پر 4-0 کی پوزیشن میں جانے کے باوجود اسجد اقبال نے ہمت نہیں ہاری اور جیت کے عزم سے پانچویں فریم کا آغاز کیا۔ اس فریم میں کامیابی ہی اس سہیل شہزاد کیلئے مصبیت بنی اور اسجد اقبال نے لگاتا چار فریمز مزید جیت کر نہ صرف مقابلہ جیتا بلکہ سیمی فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کیا۔ سہیل شہزاد نے مقابلے کے دوران 95 کا بڑا بریک بھی کھیلا۔ عالمی چیمپئن محمد آصف نے نمبر تین سیڈ محمد سجاد کو باسانی 5-2 سے زیر کیا۔ نمبر پانچ سیڈ شاہد آفتاب اور خرم حسین آغا کے درمیان بھی سنسی خیز مقابلہ ہوا جس میں شاہد نے 5-4 کی فتح اپنے نام کی۔ نمبر دو سیڈ عمران شہزاد نے اپنے حریف نوین پروانی پر باسانی 5-0 کی سبقت حاصل فتح حاصل کی۔