19 نومبر 2014
وقت اشاعت: 19:24
دبئی ٹیسٹ : تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان کے 6 وکٹ پر281رنز
جیو نیوز - دبئی.........دبئی میں پاک نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ میں تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے 6 وکٹ پر281رنز بنالیے۔پاکستان کی اننگز میں اظہر علی 75اور یونس خان 72رنزکے ساتھ نمایاں رہے۔پاکستان نیوزی لینڈ سے اب بھی 122رنز پیچھے ہے۔دبئی ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کی مشکلات میں کمی نہیں آرہی ہے۔ تیسرے روز بھی ٹاپ آرڈربیٹسمین اُس کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرپائے جو اُنہوں نے پچھلے تین میچوں میں کیا تھا۔ 281رنز پر 6کھلاڑی پویلین پہنچ گئے ہیں اور نیوزی لینڈ کی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے مزید 122رنز درکار ہیں۔دبئی ٹیسٹ کے تیسرے روز اگر کہا جائے کہ کیوی بولرزحاوی رہے تو غلط نہ ہوگا۔ پاکستان نے کھیل کا آغاز 34رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔یونس خان اور اظہر علی نے انتہائی محتاط انداز سے بیٹنگ کی۔ یونس خان نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے جبکہ لنچ تک دونوں کھلاڑی بغیر کوئی وکٹ گنوائے اسکور کو 118رنز تک لے گئے۔ کھانے کے وقفے کے بعد پاکستان کو دن کا پہلا نقصان یونس خان کی صورت میں اُٹھانا پڑا، وہ 72رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اظہر علی اور مصباح الحق نے اننگز آگے بڑھائی۔195 کے مجموعی اسکور پر مصباح کو بولٹ نے ڈریسنگ روم پہنچادیا، وہ 28رنز بناسکے،اظہر علی کی اننگز کا خاتمہ پاکستان کی پانچویں وکٹ کے طور پر ہوا، انہوں نے 75رنز بنائے۔کھیل ختم ہونے سے چند لمحے قبل اسد شفیق 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دن کےاختتام پر پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنا لئے تھے، وکٹ کیپر سرفراز احمد 28 اور یاسر شاہ ایک رن پر بیٹنگ کررہے تھے، پاکستان کو نیوزی لینڈ کی ٹیم کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے مزید 122رنز درکار ہیں جبکہ اب اُس کی چار وکٹیں باقی رہ گئی ہیں۔