27 نومبر 2014
وقت اشاعت: 10:7
سرپر بائونسر لگنےسے زخمی ہونیوالے آسٹریلوی بیٹسمین فل ہیوز چل بسے
جیو نیوز - سڈنی.......زندگی اورموت کی کشمکش میں مبتلا زخمی آسٹریلوی بیٹسمین فل ہیوز چل بسے۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق پیرکو شیفلڈ شیلڈ کےمیچ کے دوران سرپر گیند لگنے سےزخمی ہونیوالےآسٹریلوی بیٹسمین فل ہیوزدم توڑ گئے ہیں۔کھیل کے دوران جان سے جانیوالے آسٹریلوی بیٹسمین فل ہیوز کی عمر 25برس تھی ۔آسٹریلوی بیٹسمین فلپ ہیوزسڈنی میں شیفلڈ شیلڈ کے میچ کے دوران نیو ساؤتھ ویلز کے بولر شان ایبٹ کا باؤنسرسر پر لگنے سے شدید زخمی ہوگئے تھے۔ چوٹ اس قدر شدید تھی کہ ہیوز حواس قائم نہ رکھ سکے اور بے ہوش ہوکر منہ کے بل آگرے۔ چالیس منٹ تک گراؤنڈ ہی میں طبی امداد دینے کے بعد ہیوز کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ہنگامی بنیادوں پر ان کی سرجری کی گئی ، انہیں آئی سی یو میں رکھ کر مصنوعی تنفس فراہم کیا جاتارہا،ڈاکٹرز نے 48گھنٹے اہم قراد دیے تھے لیکن وہ آج چل بسے۔ فل ہیوز نے26ٹیسٹ میچوں میں تین سنچریوں اور سات نصف سنچریوں کی مدد سے ڈیڑھ ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ ہیوز نے گذشتہ مہینے پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ایک روزہ میچوں میں شرکت کی تھی۔