22 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 17:21
عمر گل دورانِ پریکٹس انجری کا شکار ہو کر ان فٹ
جیو نیوز - شارجہ.........پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ بولر عمر گل ان فٹ ہوگئے ہیں، ورلڈ کپ میں اُن کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ عمر گل متحدہ عرب امارات میں نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ اُنہوں نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی اور سیریز کے پہلے ون ڈے میں شرکت کی تھی،اب وہ ان فٹ ہوگئے ہیں۔ عمر گل پریکٹس کے دوران انجری کا شکار ہوئے، اسی سبب نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں اُن کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمر گل کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ ہفتے کو کیا جائے گا۔ دوسری جانب نیوزی لینڈکے خلاف جاری سیریز کے بقیہ تینوں ون ڈے میچز کے لیے اسکواڈ کا اعلان ہفتے کو کیے جانے کا امکان ہے۔