23 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 22:14
سانحہ پشاور کے سوگ میں انٹرڈسٹرکٹ گرلز اسپورٹس فیسٹول ملتوی
جیو نیوز - کراچی......شکیل یامین کانگا ...... سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے سوگ میں انٹرڈسٹرکٹ گرلز اسپورٹس فیسٹول ملتوی کردیا گیا، اب اس کے انعقاد کی نئی تاریخ بعد میں کیا جائے گا، نیشنل کوچنگ سینٹر کراچی میں منگل 16 دسمبر سے شروع ہونے والے اسپورٹس فسٹول میں گورنمنٹ کے سینکڑوں اسکولوں کی بچیاں ان کے والدین اور ٹیچرز شرکت کیلئے کوچنگ سینٹر پہنچ چکی تھیں اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی کے ایڈوائزر برائے اسپورٹس و تعلیم بریگیڈ (ر) اے ایس ناصر متحرک نظر آرہے تھے اور کوچنگ سینٹر پہنچنے والی بچیوں کو مختلف کھیلوں میں حصہ لینے کی ریہرسل کرا رہے تھے کہ اچانک سانحہ آرمی پبلک اسکول کی اندوہناک خبریں آنا شروع ہوگئیں، فیسٹول کے آغاز کا وقت ایک بجے دوپہر رکھا گیا تھا، دوپہر ڈھائی بجے فیسٹول کے ملتوی اور نئی تاریخ 18 دسمبر کا اعلان کیا گیا، جب نمائندہ جنگ نے بریگیڈیئر (ر) اے ایس ناصر کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ 18 دسمبر کو تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ملک گیر احتجاج کی کال دی ہے اور کراچی کا علاقہ گلشن اقبال جہاں فیسٹول ہونا ہے متاثر ہوگا اور بچیوں کے والدین پریشان ہوں گے تو اے ایس ناصر کا کہنا تھا کہ میں نے اسپورٹس فیسٹول کیلئے18 دسمبر کی تاریخ دیدی ہے اب عمران خان تو اپنی کال واپس لے سکتا ہے لیکن میں اسی تاریخ پر فیسٹول کا دوبارہ انعقاد کرائوں گا۔ اس موقع پر موجود میڈیا کے دیگر نمائندگان اور دیگر لوگ بھی اے ایس ناصر کے رویہ سے کافی محظوظ ہوئے۔ بعدازاں نمائندہ جنگ نے جب کے ایم سی کے میڈیا ڈائریکٹر بشیر سدوئی زئی سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ سانحہ ارمی پبلک اسکول پشاور کے باعث حکومت نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے اس لئے انٹرڈسٹرکٹ گرلز اسپورٹس فیسٹول کے انعقاد کا فیصلہ 18 دسمبر کے بعد کیا جائے گا۔