3 فروری 2015
وقت اشاعت: 19:53
جوبلی انشورنس اسنوکر چیمپئن شپ :بابر مسیح ناک آئوٹ مرحلہ کھیلیں گے
جیو نیوز - کراچی .....شکیل یامین کانگا ...... وائلڈ کارڈ پر انٹری حاصل کرنے والے بابر مسیح نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوبلی انشورنس نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ کے ناک آئوٹ مرحلے میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ نمبر9 سیڈ ریمبل گل بھی ناک آئوٹ مرحلے میں جگہ بنانے میں کایاب ہوگئے جبکہ نمبر آٹھ سیڈ اسجد اقبال اور نمبر سات سیڈ محمد ماجد علی کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ چیمپئن شپ کے ناک آئوٹ مرحلے کا اغاز جمعے سے ہوگا۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی چیمپئن شپ کے چوتھے روز وائلڈ کارڈ پر ایونٹ میں انٹری حاصل کرنے والے بابر مسیح نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد فہیم کو 4-1 سے شکست دی۔ ریمبل گل نے دلچسپ مقابلے کے بعد شاہد افتاب کو 4-3 سے زیر کیا۔ دیگر مقابلوں میں نمبر سات سیڈ محمد ماجد علی کو محمد بلال نے حیران کن شکست سے دوچار کیا۔ محمد بلال نے 4-2 کی کامیابی حاصل کی۔ نمبر اٹھ سیڈ اسجد اقبال بھی ذوالفقار اے قادر سے شکست کھا گئے۔ ذوالفقار اے قادر نے اسجد اقبال کے خلاف 4-1 سے باسانی فتح اپنے نام کی۔ دیگر مقابلوں میں دفاعی چیمپئن اور نمبر پانچ سیڈ محمد آصف ٹوبہ نے فرحان خان کو 4-1 سے زیر کیا۔ سابق عالمی چیمپئن اور نمبر چھ سیڈ محمد آصف کو بلوچستان کے کھلاڑی جہانگیر بنگلزئی کے خلاف واک اوور دیدیا گیا۔ عامر طارق نے عامر شہزاد کو سخت مقابلے کے بعد 4-3، یاسر ندیم نے عبدالرحیم کو 4-3سے شکست دی۔ دیگر مقابلوں میں محمد اشتیاق نے احسان جاوید کو 4-0 سے، محمد عزیر عزیز نے ثاقب بٹ کو 4-2 سے، شہرام چنگیزی نے گل افضل کو 4-1 سے، سلطان محمد نے سرجیل محمود کو 4-0 سے، محمد فیضان نے سہیشل شہزاد کو 4-2 سے، حمزہ اکبر نے محمد اعجاز کو 4-1 سے، محمد اصف ٹوبہ نے فرحان خان کو 4-1 سے شکست دی۔