12 فروری 2015
وقت اشاعت: 16:43
کرکٹ ورلڈ کپ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں دل کش افتتاحی تقریبات
جیو نیوز - میلبورن........کرکٹ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقاریب سے ایونٹ کا آغاز ہوگیا ہے، آسٹریلوی شہر میلبورن میں ہونے والی تقریب میں پاکستانی فنکاروں کو خوب داد ملی۔ ورلڈ کپ کرکٹ کی افتتاحی تقریبات نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ اور آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ہوئیں، نیوزی لینڈ میں میگا ایونٹ میں مقامی ثقافت کے ساتھ ساتھ شریک ممالک کی ثقافت کے رنگ بھی نمایاں تھے، کہیں کرکٹ بھی کھیلی جارہی تھی۔ اس موقع پر نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹرز کے علاوہ شریک ممالک کے کپتانوں نے بھی ورلڈ کپ سے متعلق اظہار خیال کیا۔ کپتانوں کی گفتگو کے بعد موسیقی کا سلسلہ پھر شروع ہوا۔ کرائسٹ چرچ میں موجود ٹیموں میزبان نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا اور زمبابوے کے کھلاڑیوں نے اسٹیج پر مارچ پاسٹ کیا۔ ورلڈ کپ ٹرافی بھی اس موقع پر اسٹیج پر لائی گئی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے ایونٹ سے متعلق تقریر کی۔ میوزک کی جھنکار پھر شروع ہوئی۔ بینڈ نے شاندار انداز میں فن کا مظاہرہ کیا جبکہ وقفے وقفے سے گلوکار بھی اسٹیج پر آتے رہے۔ میلبورن میں ہونے والی تقریب دلکش رہی۔ ورلڈ کپ میں حصہ لینے والے ممالک کے فنکاروں نے پرفارم کرکے حاضرین کے دل موہ لیے۔ مختلف ممالک کے گروپس نے پرفارمنس بھی کی جب پاکستانی گلوکاروں نے، ہے جذبہ جنوں گایا تو سب کو جھومنے پر مجبور کردیا، پھر کپتانوں کو اسٹیج پر بلایا گیا، پاکستانی کپتان مصباح الحق بھی ان میں شامل تھے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے بورڈ ممبر ویلی ایڈورڈز نے اُمید ظاہر کی کہ یہ ورلڈ کپ سب کے دلوں کو بھاجائے گا، پھر باری آئی فنکاروں کی جنہوں نے مختلف انداز سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ آتش بازی بھی ہوئی، اُس کے بعد سلسلہ شروع ہوا گلوکاری کا، مختلف گلوکاروں نے پرفارم کیا اور یوں تقریب اختتام کو پہنچی۔