تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
20 دسمبر 2015
وقت اشاعت: 9:16

2015 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ون ڈے کارکردگی بدترین رہی

جیو نیوز - لاہور........سال 2015 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ون ڈے کارکردگی بدترین رہی ، صرف بنگلا دیش کے خلاف کلین سوئپ کی ہزیمت ہی نہیں سہی بلکہ تاریخ میں پہلی بار سال کا اختتام ورلڈ رینکنگ میں نویں نمبر پر کیا ۔

سال کا آغاز،پہلی سیریز ،پہلی شکست ،ٹیم پاکستان نیوزی لینڈ گئی جہاں دو صفر سے ہار مقدر بنی۔سال کا اختتام ، انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں بھی تین دو سے شکست ہوئی ۔سال 2015 ورلڈ کپ کا سال تھا جس میں ٹیم پاکستان کا سفر کوارٹر فائنل سے آگے نہ بڑھ پایا۔

گرین شرٹس نے میگا ایونٹ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کی روایت بھی برقرار رکھی ۔ورلڈ کپ کے بعد مصباح کی جگہ کپتانی اظہر علی کو سونپی گئی ،جنہیں بنگلا دیش سے تین میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا۔یہ غیر معمولی شکست اس لیے تھی کہ بنگلا دیش پہلی بار پاکستان سے سیریز جیتا وہ بھی وائٹ واش کے ساتھ ۔

سال بھر میں پاکستان نے 27 ون ڈے میچز کھیلے ۔ صرف بارہ میں کامیابی ملی،اس میں سے پانچ زمبابوے کے خلاف تھیں ۔ 14 میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا ۔تمام میچز میں پاکستان ٹیم صرف تین بار ہی تین سو کا ہندسہ عبور کر سکی ۔ دو مرتبہ زمبابوے اور ایک بار متحدہ عرب امارات کے کمزور باولنگ اٹیک کے سامنے

محمد حفیظ 782، اظہر علی 775،شعیب ملک 607 ، احمد شہزاد570 اور سرفراز احمد 551 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ حفیظ اور اظہر نے دو دو جبکہ شعیب ملک اور سرفراز احمد نے ایک ایک سنچری بنائی۔ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف یادگار اسپیل کرنے والے وہاب ریاض مجموعی طور پر 32 وکٹیں لیکر نمایاں رہے ۔

اظہر علی نے 17 میچوں میں قیادت کی 7 میں کامیاب ہوئے ۔ مصباح الحق کو 9 میں سے 4 میں کامیابی ملی جبکہ سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستان نے ایک میچ کھیلا اور وہ جیتا ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.