23 مارچ 2016
وقت اشاعت: 19:54
پاکستان سپر لیگ :کراچی کنگز فاتح، لاہور قلندرز کو 7وکٹ سے شکست
جیو نیوز - دبئی .....پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندر زکو 7وکٹ سے شکست دیدی ،فاتح ٹیم نے 126رنز کا ہدف 3وکٹ کے نقصان پر 16ویں اوور میں حاصل کرلیا ،کراچی کنگز فاسٹ بولر محمد عامر کی ہیٹ ٹرک ،سیمنز اور شکیب الحسن کی نصف سنچریوں کی بدولت لاہور قلندرز کیخلاف ایونٹ کےد وسرے میچ میں فاتح رہی ۔
دبئی میں کرکٹ کے دھوم دھڑکے کے دوسرے دن کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آمنے سامنے آئے ،کراچی کنگز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے ہی اوور میں اسٹار آل رائونڈر کرس گیل کو پولین کی راہ دکھائی ، انہوں نے 6رنز بنائے تھے۔اس کے بعد وقفے وقفے سےوکٹیں گرتی رہیں،اظہرعلی 18،ڈیل پورٹ 17صہیب مقصود 22 رنز بناکر آوٹ ہو گئے۔
اس موقع پر محمد رضوان نے اچھی بیٹنگ کی ،لیکن دوسرے اینڈ پر محمد عامر حملہ آور ہوئے ،پہلے براؤ کو کو بولڈ کیا،اگلی گیند پر زوہیب کو چلتا کیااور پھر عامر نے کیون کوپر کو بھی آوٹ کر کے ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا، محمد رضوان بھی 37 رنز پر ہمت ہار گئے،لاہور قلندر کا اسکور20 اوورز میں 8وکٹ پر 125 رنز رہا ۔
جواب میں کراچی کنگز کا آغاز بھی تباہ کن رہا ،پہلے اوور میں ضیا الحق نے نعمان انور کو چلتا کیا،اگلے اوور میں ظفر گوہر نے جیمز ونس کا کام تمام کیا،5رنز پر 2 کھلاڑی آوٹ ہوئے توکراچی کنگز شدید دباؤ کا شکارہوگئی ،ایسے میں تیسرے اوور کی دوسری گیند کوشکیب الحسن سمجھ نہ پائے،لیکن ڈیوائن براؤ ان کا کیچ بھی نہ سنبھال پائے ،شکیب کو لائف ملی تو انہوں نے لینڈل سیمنز کے ساتھ ملکر خوب بلے بازی کی،دونوں نے نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
51 کے انفرادی اسکور پر ڈیل پورٹ نے کوپر کی مدد سے شکیب کو آوٹ کر دیا، لیکن میچ پر کراچی کنگز کی گرفت مضبوط ہوچکی تھی ،نئے آنے والے بیٹسمین کپتان شعیب ملک نے 7گیندوں پر 12رنز بناکر جیت کو حتمی بنادیا ،ان کے اسکورمیں 2چھکے شامل تھے ۔لاہور قلندر ز کی جانب سے ڈیل پورٹ،ظفر گوہر اور ضیا الحق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔