18 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 5:48
ورلڈ ٹی 20 کا آج آغاز، افتتاحی میچ میں سری لنکا اور زمبابوے مد مقابل
جیو نیوز - کولمبو … کرکٹ کا ایک اور رنگا رنگ میلہ آج سے سری لنکا میں سجے گا، جہاں دنیائے کرکٹ کے کئی ستارے جگمگائیں گے، پہلا میچ میزبان سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان کھیلاجائے گا۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء میں وہ سب کچھ ہوگا جو آپ دیکھنا چاہیں گے۔ ورلڈ ٹی 20 کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم سری لنکا، آسان حریف زمبابوے کے مدمقابل ہوگی، پول سی کایہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے ہمبن ٹوٹا میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکا کی ٹیم کوسنگاکارا، جے وردنے اور دلشان جیسے صف اول بیٹسمینوں کاساتھ حاصل ہے جبکہ بولنگ لائن میں مالنگا اور کولا سیکرا جیسے باصلاحیت بولرزشامل ہیں۔ دوسری جانب زمبابوے کے پاس کوئی ورلڈ کلاس کرکٹر تو نہیں، لیکن اس کے حوصلے بلند ہیں۔ ورلڈ ٹی 20 میں 12 ٹیمیں شریک ہیں جنہیں 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 23 ستمبر کو پالی کیلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔