8 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 23:34
پاکستانی امپائر ندیم غوری سمیت چھ امپائرز پیسے لیکر فیصلہ کرنے کو تیار تھے
جیو نیوز - کراچی …کرکٹ میں میچ فکسنگ کا ایک اور دھماکا، امپائرز بھی لپیٹ میں آگئے، گیم آف جنٹلمین پر لگا ایک اور داغ۔ایک بھارتی چینل کے مطابق پیسے کی چمک دمک نے منصف کو مجرم بنادیا، امپائر بکاوٴ مال بن گئے، جنہیں پیسہ دو فیصلہ لو۔ چینل دعویٰ کرتا ہے امپائرز خود بھی بک گئے اور کئی کھلاڑیوں کے چٹے بٹے بھی کھول دیئے، مبینہ طور پر پاکستانی امپائر ندیم غوری سمیت چھ امپائرز پیسے لیکر فیصلہ کرنے کو تیار تھے۔بنگلادیشی امپائر نادر شاہ جو پیسوں کے لالچ میں کوئی بھی فیصلہ بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے بنگلادیش پریمیر لیگ میں میچ فکسنگ کا انکشاف کیا۔ انہوں نے اس کالے دھندے میں پاکستانی اوپنر ناصر جمشید کا نام بھی لیا۔ ورلڈ ٹی 20 فائنل کے ہیرو مارلن سموئلز نے بھی انہیں فکسنگ کی پیشکش کی۔ سری لنکن امپائر سگارا گالاگے، جو عمران نذیر کو سری لنکن لیگ میں آوٴٹ قرار دینے پر راضی ہوگئے۔ انہوں نے پاک بھارت وارم اپ میچ سے پہلے پچ رپورٹ، ٹاس اور پلے انگ الیون سے متعلق معلومات فراہم کیں۔ اس کام کے عوض انہیں 50 ہزار بھارتی روپے دیئے گئے، اتنے ہی پیسوں میں یہی کام کیا سری لنکن امپائر موس ونسٹن نے، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میچ سے پہلے۔ سری لنکن امپائر گامنی ڈسانائکے، جنہوں نے اپنے ہی بورڈ میں کرپشن کا انکشاف کیا کہ اگر بورڈ آفیشلز کی خوش آمد کی جائے، انہیں تحفے تحائف دیئے جائیں تو ان کی آشیرباد حاصل کی جاسکتی ہے۔ بھارتی ٹی وی کے اسٹنگ آپریشن میں سری لنکن لیگ کے کرتا دھرتا سندیپ بھمر اور بنگلا دیشی امپائر شرف الدین کا نام بھی لیا گیا۔ بھارتی چینل انڈیا ٹی وی کے اسٹنگ آپریشن کے دوران جہاں مختلف انکشافات کئے گئے ہیں، وہیں اس اسکینڈل میں ایک بار پھر پاکستانی پلیئرز کو الجھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ بھارتی چینل کے اسٹنگ آپریشن میں انڈر کوور رپورٹر سے گفتگو میں بنگلہ دیشی امپائر نادر شاہ نے الزام لگایا کہ پاکستانی کرکٹر ناصر جمشید نے بنگلہ دیش کرکٹ لیگ کے دوران متعدد میچز فکس کئے، لیکن بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی ساکھ کو بچانے کیلئے معاملے کو رپورٹ نہیں کیا گیا۔ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ڈھاکہ گلیڈی ایٹرز کے میڈیا منیجر منہاج الدین کو بھی اسٹنگ آپریشن کا نشانہ بنایا گیا ہے، انہوں نے انکشاف کیا کہ اظہر محمود نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا سیمی فائنل جان بوجھ کر نہیں کھیلا۔ میچ سے قبل رات پونے 3 بجے اظہر محمود کو ہوٹل لابی میں دوسری ٹیم کے پلیئر کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔ منہاج الدین نے بعض پاکستانی کرکٹرز پر رات بھر پارٹی کرنے کا بھی الزام لگایا ہے۔