16 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 20:39
ورلڈ الیون کے خلاف میچ کیلئے پی سی بی نے قومی کرکٹرز کو ریلیز کردیا
جیو نیوز - لاہور … پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ الیون کے خلاف میچ کیلئے قومی کرکٹرز کو ریلیز کر دیا ہے، ساتھ ہی اس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی، اینٹی کرپشن، مارکیٹنگ اور براڈ کاسٹنگ کی ذمہ داری منتظمین کی ہو گی۔ یہ فیصلہ پی سی بی کی ایگزیکٹو کو آرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر محمد علی شاہ کی ورلڈالیون اور پاکستان آل اسٹارز الیون کے درمیان میچز کرانے کی کوششوں کو سراہا، میچز میں شرکت کیلئے پی سی بی نے کھلاڑیوں کو اجازت دے دی ہے۔ پاکستان اسٹارز الیون اور ورلڈ الیون کے درمیان میچز 20 اور 21 اکتوبر کو نیشنل ا سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے ۔ پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ سیکیورٹی، اینٹی کرپشن، مارکیٹنگ اور براڈ کاسٹنگ کی تمام تر ذمہ داری منتظمین کی ہو گی ۔واضح رہے کہ سنتھ جے سوریا کی قیادت میں ورلڈ الیون 18 اکتوبر کو کراچی پہنچے گی، پاکستان اسٹارز الیون کی قیادت شاہد آفریدی کریں گے۔