7 نومبر 2012
وقت اشاعت: 19:34
غیرملکی کھلاڑیوں کو پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں ہے،نریش کھتری
جیو نیوز - کراچی …شکیل یامین کانگا… غیرملکی کھلاڑیوں کو پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں ہے، بھارت سمیت دنیا کے تمام ممالک کو پاکستان کے ساتھ کھیلوں کے روابط بڑھانے چاہئیں۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کو بھی پاکستان کا جوابی دورہ کرنا چاہئے، کھیل اور سیاست کو علیحدہ علیحدہ رکھنا چاہئے۔ ان خیالات کاا ظہار پاکستان آئی ٹی ایف سینئرز ٹینس چیمپئن شپ کے موقع آئے ہوئے بھارتی کھلاڑیوں پون جین اور نریش کھتری نے کراچی پریس کلب کی جانب سے دیئے جانے والے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پریس کلب کے عہدیدار اور دیگر بھی موجود تھے۔ بھارتی کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ اس وقت ہم کراچی میں ہیں لیکن ہمیں محسوس ہی نہیں ہورہا ہے کہ ہم بھارت سے باہر ہیں، سیکورٹی کے حوالے سے ہمیں کوئی خدشہ نہیں ہے اور نہ ہی ہم نے یہاں ایسی کوئی چیز دیکھتی ہے جس سے ہمیں خوف کا احساس ہو، اس لئے ہماری تمام ممالک خاص طور پر بھارتی کرکٹ حکام سے درخواست ہے کہ جب پاکستانی ٹیم بھارت کھیلنے آرہی ہے تو ہمیں بھی جواب دورے کیلئے پاکستان آنا چاہئے جب تک ہم ایک دوسرے کے قریب نہیں آئیں گے تعلقات میں دوری رہے گی۔ دہشت گردی کی لپیٹ میں تو پوری دنیا ہے، یہ کہنا غلط ہے کہ پاکستان ہی واحد ملک ہے جہاں ساری کارروائیاں ہورہی ہیں۔ بال ٹھاکرے کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو دھمکی کے حوالے سے بھارتی کھلاڑیوں کا کہنا تھاکہ سیاست اور کھیل کو علیحدہ علیحدہ رکھنا چاہئے۔