تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
14 نومبر 2012
وقت اشاعت: 20:3

کیمپ تاخیر سے جوائن کرنے والے جدید خان باہر، جعفر کپتان مقرر

جیو نیوز - کراچی…شکیل یامین کانگا… پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے سنگاپور سیریز کیلئے لگائے جانے والے کیمپ میں تاخیر سے شرکت کرنے والے جدید خان پٹھان کو باہر جبکہ جعفر خان کو کپتان بنادیا گیا۔ اس دہرے معیار سے پی ایف ایف کا ڈسپلن پر سمجھوتہ نہ کرنے کا دعویٰ لفظوں کا گورکھ دہندا محسوس ہو رہا ہے۔ فیڈریشن نے دورئہ سنگاپور کیلئے22 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ ٹور کیلئے پاکستان پریمیئر لیگ میں مصروف تمام کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ10نومبر کی شام تک کوچ کو رپورٹ کریں۔ پاکستان آرمی کے جعفر خان اور افغان کلب چمن کے جدید خا نے11نومبر کی صبح فٹ بال کیمپ میں رپورٹ کی جس پر سربیا سے تعلق رکھنے والے ہیڈکوچ میلازوک زاوی نے جدید خان پٹھان کو تو کیمپ سے باہر کردیا جبکہ جعفر خان کو کیمپ میں رکھ کر ڈسپلن کی بہترین مثال قائم کی۔ قومی کوچ کے اس دہرے معیار پر کیمپ میں موجود کھلاڑیوں نے بھی ڈھکے چھپے الفاط میں ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ کوچ نے جدید خان پٹھان کے انخلا پر ہی بس نہیں کیا بلکہ تھائی لینڈ، فلسطین، بحرین اور سعودی عرب میں بہترین پرفارمنس دکھانے والے کے آر ایل کے گول کیپر ثاقب حنیف کو بھی حتمی ٹیم سے ڈراپ کرکے پاکستانی نژاد ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے یوسف اعجاز بٹ کو صرف تفریحی ٹور کرانے کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ پی ایف ایف ایک طرف ڈسپلن کی بات کررہا ہے تو دوسری جانب کوچ کے دہرے معیار کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.