23 فروری 2013
وقت اشاعت: 17:53
فٹسال کے فروغ کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے، متانت علی خان
جیو نیوز - کراچی … شکیل یامین کانگا … دنیا بھر میں انتہائی ذوق و شوق سے کھیلا جانے والا فٹسال کھیل اب پاکستان میں بھی تیزی سے مقبولیت حاصل کررہا ہے اسی کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے فٹ سال ٹورنامنٹ کا انعقاد کرکے ایک قابل تقلید اقدام کیا ہے۔ چیف آفیسر بلدیہ عظمیٰ کراچی متانت علی کا کہنا ہے کہ اس کھیل کے فروغ کیلئے نہ صرف بھرپور تعاون کیا جائے گا بلکہ مکمل سرپرستی بھی کی جائے گی، کوئی بھی کھیل کھلاڑی کے بغیر ممکن نہیں ہوتا، اس لئے ان کی ہمت افزائی ہر سطح پر ہونی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے ایم سی کپ ڈے اینڈ نائٹ فٹسال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کلچر، اسپورٹس اینڈ ریکریشن کے ایم سی محمدریحان خان، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ اکاوٴنٹس خورشید احمد شاہ، ڈائریکٹر اسپورٹس آفاق احمد درانی، ڈائریکٹر بشیر احمد سدوزئی، ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس جمیل احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس سید مظہر امام زیدی، نیشنل کوچ طارق لطفی، گلاب بلوچ، سید عثمان شاہ، احمد جان، کوآرڈی نیٹر ریاض احمد، ملیر مسلم اسپورٹس کے ایم نسیم، شاہد نواب اور دیگر بھی موجود تھے۔ متانت علی خان نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ٹورنامنٹ کی فاتح کو 50 ہزار روپے، رنر اپ کو 25 ہزار روپے، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کو 10 ہزار روپے، ٹاپ اسکورر اور مین آف دی فائنل کو 5، 5 ہزار روپے کے نقد انعام کے علاوہ شریک ٹیموں کو ایک ہزار روپے فی میچ کنوینس الاوٴنس کی مد میں بھی ادائیگی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر میڈیا یلو اور میڈیا گرین کے نمائشی میچز میزبان کے ایم سی اور کے ایم سی گرین کے مابین کھیلے گئے۔ ریفریز کے فرائض حبیب الله اور با برخان نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر کے فرائض خالد مجید اور محمد شمیم نے انجام دیئے۔ ٹورنامنٹ میں اتوار کو 8 میچز کھیلے جائیں گے۔