27 فروری 2013
وقت اشاعت: 19:35
شوٹنگ بال ٹیم کیلئے چار کھلاڑیوں کوملازمت فراہم کریں گے،فہیم قریشی
جیو نیوز - کراچی…شکیل یامین کانگا… شوٹنگ بال ٹیم کیلئے چار کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر نوکریاں فراہم کریں گے، اس کے ساتھ ساتھ اپنے ادارے کی دیگر ٹیموں کو بھی فعال بنانے کیلئے اہم کردار ادا کررہے ہیں،یہ بات سندھ گورنمنٹ پریس کے سپرنٹنڈنٹ اور اسپورٹس کلب کے صدر فہیم احمد قریشی نے اپنے اعزاز میں پیپلز ورکرز یونین کے سیکرٹری معراج احمد شیخ کی جانب سے دیئے جانے والے ظہرانے میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر یونین کے صدر نسیم احمد، ڈائریکٹر کلچر، اسپورٹس اینڈ ریکریشن بلدیہ عظمیٰ خورشید احمد شاہ، طلعت محمود، شوٹنگ بال فیڈریشن کے صدر رمضان چنہ کے ایڈوائزر سیداحمد علی شاہ، سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر گلفراز احمد خان کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری فاروق خان اور میڈیا ایڈوائزر نسیم حسین بھی موجود تھے۔ فہیم قریشی نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اپنے ادارے کی دیگر ٹیموں کو فعال کیا جائے اور تمام اسپورٹس سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ قومی شوٹنگ بال میں ہماری ٹیم بھرپور حصہ لے گی۔ ہم اپنی ٹیم کو نئے سرے سے بنا رہے ہیں اس کیلئے پہلے مرحلے میں چار بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے انہیں ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ شوٹنگ بال فیڈریشن کے سیکرٹری نسیم حسین نے بتایا کہ قومی سطح پر شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد 22 سے 24 مارچ کو چکوال میں کیا جارہا ہے جس میں صوبوں اور ڈپارمنٹس کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ شوٹنگ بال کی سرگرمیوں بڑھانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اور فیڈریشن کے صدر محمد رمضان چنہ کی کوشش ہے کہ ملک میں موجود تمام ایسو سی ایشنوں کے عہدیداروں کو رابطے میں لیکر ملک بھر میں شوٹنگ کے ٹورنامنٹس کا نئے سرے سے پروگرام ترتیب دیں۔