4 مارچ 2013
وقت اشاعت: 19:36
باکسنگ ٹیم اتوار کو اے ایس بی سی چیمپئن شپ کیلئے فلپائن روانہ ہوگی
جیو نیوز - کراچی…شکیل یامین کانگا… پاکستان کی سات رکنی باکسنگ ٹیم اتوار 10 مارچ کو اے ایس بی سی یوتھ باکسنگ چیمپئن شپ میں حصہ لینے کیلئے فلپائن روانہ ہوگی۔ ٹیم کے منیجر قمر الدین شیخ ہوں گے جبکہ ایک کوچ اور چار کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اقبال حسین بھی منیلا جائے گا۔ اے ایس بی سی یوتھ باکسنگ چیمپئن شپ 11 سے 17 مارچ تک فلپائن کے شہر بیکس بے میں منعقد ہوگی جس میں ایشیا سے 30 سے زائد ممالک کے باکسرز حصہ لیں گے۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اقبال حسین نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی سرکٹ میں ہونے والے سینئرز اور جونیئرز مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کو بھیجا جائے گا اسلام آباد کے جناح اسپورٹس کمپلکس میں قومی کھلاڑیوں کا باکسنگ کیمپ جاری ہے جس میں ملک بھر کے کھلاڑی ٹریننگ لے رہے ہیں۔ کوچ علی بخش، محمد طارق کھلاڑیوں کو ٹریننگ دے رہے ہیں۔ منیلا میں ہونے والی ایشین یوتھ باکسنگ چیمپئن شپ کیلئے ٹیم چار کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی جس کے منیجر قمر الدین شیخ ہوں گے جبکہ میں بھی ٹیم کے ہمراہ جارہا ہوں۔ ایشین باکسنگ کنفیڈریشن سے اس چیمپئن شپ کے حوالے سے مسلسل رابطہ تھا اور اس سے خط و کتابت کے بعد چار مختلف ویٹ کیٹگری میں ہمارے باکسرز حصہ لیں گے۔ آئبا نے چونکہ ہمارے انتخابات کو تسلیم کرلیا ہے اور ہمیں تمام انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کی اجازت بھی دے دی ہے اس لئے ہماری کوشش ہوگی کہ اپنے کھلاڑیوں کو دنیا بھر میں ہونے والے عالمی مقابلوں میں پاکستان کی ٹیم کو بھیجا جائے اس سے جونیئر کھلاڑیوں کو تجربہ حاصل ہوگا۔