6 مارچ 2013
وقت اشاعت: 18:17
ایشین سائیکلنگ :پاکستانیوں کے پاسپورٹ این او سی کے منتظر
جیو نیوز - کراچی …شکیل یامین کانگا… بھارت میں ہونے والی ایشین سائیکلنگ چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیموں کی شرکت کا فیصلہ جمعرات کو ہوجائے گا، کھلاڑیوں کے پاسپورٹ پاکستان میں بھارتی ایمبسی میں پڑے ہوئے ہیں، بھارت کی جانب سے این او سی جاری ہونے کا انتظار ہے، ایشین سائیکلنگ کے انتخابات میں ہمارا ڈیلی گیشن لازمی جائے گا، جنگ سے باتیں کرتے ہوئے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سید اظہر علی نے بتایا کہ نئی بھارت کے شہر نئی دہلی میں ایشین سائیکلنگ چیمپئن شپ جمعرات سے شروع ہورہی ہے جو 17 مارچ تک جاری رہے گی۔ چیمپئن شپ میں تین ایونٹس ہیں جن میں ایشیا پیرا سائیکلنگ چیمپئن شپ، جونیئر اینڈ ویمنز اور ایشین سائیکلنگ چیمپئن شپ شامل ہیں۔ بھارت سائیکلنگ فیڈریشن سے مسلسل رابطے میں ہیں، جمعرات کو امکان ہے کہ بھارتی وزارت داخلہ سے پاکستان میں بھارتی ایمبسی کو این او سی جاری ہوجائے تو کھلاڑیوں کے پاسپورٹ جو بھارتی ایمبسی میں پڑے ہوئے ہیں فوری ویزے لگ جائیں گے اور ہماری ٹیم روانہ ہوجائے گی۔ ویزے کے مسائل پر ہم نے ایشین سائیکلنگ کنفیڈریشن اور انٹرنیشنل سائیکلنگ فیڈریشن کو بھی خطوط جاری کردیئے ہیں اور اپنی پریشانی اور مشکل سے آگاہ کردیا ہے۔ ہم نے اپنا بھرپور پروٹیسٹ ریکارڈ کرا دیا ہے۔ چیمپئن شپ کے دوران ایشین سائیکلنگ کنفیڈریشن کے انتخابات بھی ہیں جن میں ہم شریک ہوں گے اور ہمارا ڈیلی گیشن بھارت ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے لازمی جائے گا۔