22 اپریل 2013
وقت اشاعت: 19:29
لندن: دانش کنیریا کی تاحیات پابندی کیخلاف اپیل کی سماعت
جیو نیوز - لندن … لندن کی ایک عالمی مصالحتی عدالت میں پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر دانش کنیریا کی تاحیات پابندی کے خلاف اپیل پر سماعت شروع ہو گئی، مارون ویسٹ فیلڈ نے اپنے بیان میں انگلش کرکٹ بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ لندن میں ہونے والی سماعت کے دوران انگلش کرکٹر ویسٹ فیلڈ نے اپنا بیان رکارڈ کروایا، جس میں انہوں نے انگلش کرکٹ بورڈ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ ویسٹ فیلڈ کا کہنا تھا کہ وہ اس کیس میں بیان نہیں دینا چاہتے تھے لیکن انگلش بورڈ انہیں ایسا کرنے پر مجبور کر رہا ہے، اگر وہ بیان نہیں دیتے تو انہیں بھی جیل بھجوا دیا جاتا۔ ویسٹ فیلڈ نے انکشاف کیا کہ انگلش بورڈ کے کہنے پر ہی انہوں نے دانش کنیریا کے خلاف گواہی دی تھی جس کی بناء پر دانش پر تاحیات پابندی لگائی گئی، اس کے باوجود انگلش بورڈ نے ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی۔ دانش کنیریا کی اپیل پر سماعت جمعرات تک جاری رہے گی ۔