تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
29 اپریل 2013
وقت اشاعت: 19:45

ایشین سینئر اسکواش چیمپین شپ: ملائشیا اور اردن کی ٹیمیں اسلام آباد پہنچ گئیں

جیو نیوز - کراچی … ایشین سینئر اسکواش چیمپین شپ میں شرکت کیلئے ملائشیا اور اردن کی ٹیمیں اسلام آباد پہنچ گئیں ہیں جبکہ بقیہ چھ ٹیمیں بھی منگل تک پہنچ جائیں گی، چیمپئن شپ کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور اس کا آغاز بھی یکم مئی سے ہوگا، جنگ سے باتیں کرتے ہوئے پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکرٹری عبدالوہاب مروت کا کہنا تھاکہ چیمپئن شپ میں ایشیا کے آٹھ ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ یکم مئی سے اسلام آباد کے مصحف اسکواش کمپلکس میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ میں ایشین ممالک کے 40 سے زائد ٹاپ مرد اور خواتین کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ پاکستان میں ان ممالک کی موجودگی سے دنیا بھر میں اسکواش کھیلنے والے ممالک کو مثبت پیغام جائے گا اور ہم آئندہ ورلڈ اسکواش فیڈریشن سے بھی درخواست کریں گے کہ وہ ہمیں مزید انٹرنیشنل ایونٹس کے انعقاد کا موقع دے۔ اس وقت ملائشیا اور اردن کے کھلاڑی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جبکہ عراق، کویت، ہانگ کانگ، سری لنکا اور ایران کے کھلاڑی منگل 30اپریل تک پاکستان پہنچ جائیں گے۔ ہمارے ٹاپ کھلاڑی اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں بھرپور ٹریننگ لے رہے ہیں جہاں تجربہ کار کوچز انہیں جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں میں چھ خواتین میں ماریا طور، روشانہ محبوب، زویا خالد، صائمہ شوکت، فرعت خان اور ثمر انجم شامل ہیں جبکہ مردوں میں ٹاپ کھلاڑی عامر اطلس خان، فرحان محبوب، ناصر اقبال، دانش اطلس اور علی بخاری شامل ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.