5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں قتل ہونیوالے فہیم کی بیوہ سپردخاک
جنگ نیوز -
فیصل آباد...ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں قتل ہونیوالے فہیم کی بیوہ کی تدفین کر دی گئی، ورثا کا کہنا ہے کہ سیاسی قیادت سے انصاف کی توقع نہیں ہے ،چیف جسٹس آف پاکستان از خود نوٹس لیں ۔لاہور میں امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں قتل ہونیوالے فہیم کی بیوہ شمائلہ نے انصاف سے مایوس ہو کر گزشتہ روز زہریلیاں گولیاں کھا کر خودکشی کرلی تھی۔ شمائلہ کو فیصل آباد میں اس کے آبائی گاؤں گیدڑی میں سپرد خاک کردیا گیا۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظردیکھنے میں آئے۔ شمائلہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں فہیم کی ہلاکت کے بعد سے ہی شمائلہ نے کھانا پینا چھوڑ دیا تھا اور وہ دن رات ملزم کو سزا دینے کا مطالبہ کرتی تھی لیکن حکومت کی طرف سے کوئی تعاون نہ ہونے اور ریمنڈ ڈیوس کو سفارتی استثنا دینے کی خبروں سے انتہائی پریشان تھی اور اسے اب انصاف کی امید نہیں رہی تھی جس پر اس نے زہریلی گولیاں نگل کر جان دے دی جبکہ فہیم کے بھائی اور شمائلہ کے دیور سلیم کا کہنا ہے کہ انہیں سیاسی قیادت سے انصاف کی توقع نہیں ہے۔ اس لئے چیف جسٹس آف پاکستان ازخود نوٹس لے کے انہیں انصاف دلائیں ۔