5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مطالبات نہ مانے تورات12 بجے سے جہاز نہیں اڑینگے،پی آئی اے ملازمین
جنگ نیوز -
کراچی...پی آئی اے اور ترکش ائیرلائنز کے درمیان ہونے والے مجوزہ معاہدہ کے خلاف پی آئی اے کی مختلف تنظیموں نے پیر کی رات12 بجے تک تمام مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں اعلان کیا ہے کہ کوئی جہاز نہیں اڑنے دیا جائے گا۔اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں پی آئی اے کی ساتھ تنظیموں کے نمائندوں نے ایک نیوزکانفرنس میں کہا کہ پی آئی اے کی نااہل اور کرپٹ انتظامیہ کی وجہ سے قومی ائیرلائن تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے اور اب اس ائیرلائن کے50سال سے منافع بخش روٹس کو بیچا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون نے33 ماہ کے دور میں پی ائی اے کا خسارہ44 ارب روپے سے88 ارب پہنچ گیا ہے لیکن انتظامیہ کی طرف سے لوٹ کھسوٹ کا سلسلہ جاری ہے، ملازمین نے اعلان کیا کہ اگر پی آئی اے انتظامیہ نے رات12 بجے تک اس معاہدہ سے دستبرداری کا اعلان نہ کیا توہر قسم کے حالات کی زمہ داری انتظامیہ اور ایم ڈی اعجاز ہارون پر ہوگی،ائیرلائن کا پہیہ جام کیا جائے گا اور آپریشن معطل کردیا جائے گا۔پریس کانفرنس میں پالپا کے صدر سہیل بلوچ،سیپ کے صدر شوکت جمشید،پیپلز یونٹی کے کامران چوہدری،ائیرلیگ کے شمیم اکمل اوردیگر جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔