5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
لاہور:تیرہ گھنٹے بعد بھی موچی گیٹ کی آگ بھڑک رہی ہے
جنگ نیوز -
لاہور...لاہورکے موچی دروازے میں صبح لگنے والی آگ پرتیرہ گھنٹوں میں بھی قابو نہیں پایا جا سکا،ایک پلازا میں بھڑکنے والی آگ نے اردگرد کی درجن سے زائد عمارتوں کو لپیٹ میں لے رکھا ہے۔تین پلازے گر گئے جبکہ22زخمیوں کواسپتال داخل کرا دیا گیا ،ضلعی انتظامیہ نے آگ پر قابو پانے کے لئے ہیلی کاپٹر کی خدمات بھی حاصل کر لی ہیں ۔موچی دروازے کے گنجان کاروباری علاقے میں صبح آٹھ بجے لگنے والی آگ کے شعلے دیکھتے ہی دیکھتے اردگرد کی عمارتوں تک جا پہنچے،لمحہ لمحہ پھیلنے والی آگ اب تک تیرہ عمارتوں کو لپیٹ میں لے چکی ہے جن میں تین پلازے گر چکے ہیں ۔متاثرہ عمارتوں میں پلاسٹک، کاسمیٹکس اورآتش بازی کا سامان اور سگریٹ لائیٹرز، ری فل کرنے والا مٹیریل موجود تھا جس نے آگ پکڑی تو اسے بجھانا فائربریگیڈ عملے کے بس میں نظر نہ آیا۔تنگ گلیاں بھی امدادی کاموں میں رکاوٹ بنیں۔آتش زدگی سے زخمی22 افراد کو میو اسپتال منتقل کردیا گیا ،جن میں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے،زخمیوں کے ہاتھ،ٹانگیں اور جسم کے دیگراعضا آگ سے جھلس گئے ۔ پلازوں میں لگی آگ اور دھوئیں کے شعلے آسمان سے باتیں کرتے رہے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کے پائپوں میں باربار پانی ختم ہوتا رہا اوران میں ڈیڑھ سو سے زائد بار پانی بھرا گیا۔آتشزدگی کے اس واقعے نے امدادی اداروں کی کارکردگی کی قلعی کھول دی،آگ بجھانے کے لئے آنیوالی چارگاڑیوں میں سے دوخراب ہوگئیں۔موچی دروازے کے پلازوں اور عمارتوں میں لگی آگ بجھانے کے لیے ہیلی کاپٹرطلب کر لیے گئے،جن کے ذریعے سات مرتبہ پانی اور ڈرائی کیمیکل پاؤڈر پھینکا گیا ،ساری کوششوں کے باوجود ابھی تک آگ پر قابونہیں پایا جا سکا ہے۔