5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پی آئی اے ملازمین کا احتجاج، فلائٹ شیڈول متاثر، کئی پروازیں منسوخ
جنگ نیوز -
اسلام آباد …پی آئی اے ملازمین کی نمائندہ تنظیموں کے اتحاد جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی اپیل پر کی جانیوالی ہڑتال کے باعث پی آئی اے کا فلائٹ شیڈول شدید متاثرہوا ہے، کئی ملکی و بین الاقوامی پروازیں منسوخ ہوگئی جبکہ پی آئی اے انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی سے چلنے والی تمام پروازیں آج صبح اپنے وقت پر روانہ ہوئی ہیں۔پی آئی اے ملازمین امریکا اور یورپ کے فضائی روٹ ترکش ائیرلائن کو دئیے جانیوالے مجوزہ معاہدے کیخلاف احتجاج کررہے ہیں۔ پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ترکش ائیر لائن معاہدے کے خاتمے اور ایم ڈی پی آئی اے کیپٹن اعجاز ہارون کی برطرفی کا بھی مطالبہ کیاہے ۔ ملازمین کے احتجاج کے باعث آج صبح اسلام آباد سے ہانگ کانگ جانیوالی پرواز پی کے892 اور فرینکفرٹ اور پیرس کی پرواز پی کے 737 منسوخ کردی گئی۔ تاہم پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ دونوں پروازوں کی روانگی میں چار چار گھنٹوں کی تاخیر کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ اسلام آباد سے کراچی کی پرواز پی کے301 کی روانگی میں بھی دو گھنٹے کی تاخیر کی گئی ہے۔ اس سے پہلے آج روانہ ہونے والی اندرون ملک پروازیں پی کے304 اور 305 پی کے368 اور پی کے365 جبکہ بین الاقومی پروازیں پی کے761، پی کے762 پی کے207، پی کے208 بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔ پی آئی اے ملازمین کے احتجاج کے باعث آج صبح ابو ظبی سے اسلام آباد پہنچے والی پروازوں کے مسافروں کو سامان کیلئے کئی گھنٹوں تک انتظار کرنا پڑا۔