5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
دس نکاتی ایجنڈا:میاں نواز شریف کا حکومتی کارکردگی پر اظہار مایوسی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے دس نکاتی ایجنڈے کے حوالے سے حکومتی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنا قبلہ درست کرنے کی صلاحیت سے محروم ہے اور ایسا محسوس بھی ہوتا ہے۔میاں نوازشریف پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے مشاورتی اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے اپنی تمام کوششیں، صلاحیتیں اور توانائیاں حکومتی ٹیم سے مذاکرات میں صرف کیں لیکن یہی محسوس ہوتا ہے کہ” ہنوز دلی دور است“ ۔ انہوں نے سینیٹر اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم چار رکنی ٹیم کو ہدایات دیں کہ دس نکاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کے لیے حکومت سے دوٹوک بات کریں۔ میاں نواز شریف نے کہا انہیں امید تھی کہ45 دن میں عوام کو خوشخبریاں ملیں گی لیکن ابھی تک امید کی کوئی کرن دکھائی دینا شروع نہیں ہوئی، دس نکاتی ایجنڈے پر عمل درآمد سے ملکی معیشت کو درست ڈگر پر لایا جا سکتا ہے۔اجلاس کے بعد ائیر لیگ کے وفد نے بھی شمیم اکمل کی قیادت میں میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔میاں نواز شریف نے کہا کہ ن لیگ پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ قومی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اہل اور پیشہ وارانہ افراد کا تقرر یقینی بنائے۔