تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

پی آئی اے کے برطرف پائلٹوں کو فی الفور بحال کیاجائے،حیدر رضوی

جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست رکن قومی اسمبلی حیدر عباس رضوی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی انتظامیہ کی جانب سے 7پائلٹ کی برطرفی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور پی آئی اے میں پائلٹوں کی برطرفی پر ادارے میں احتجاجی صورتحال پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ترکش ایئر لائن سے پی آئی اے کے معاہدے کے باعث پہلے ہی پائلٹس اور عملہ احتجاج پر مجبور تھا اور اب پی آئی اے انتظامیہ نے پائلٹوں کو برطرف کرکے ادارے میں ایک اور انتظامی بحران پیدا کردیا ہے جس کے باعث نہ صرف اندرون اور بیرون ملک پروازوں کا شیڈول متاثر ہورہا ہے بلکہ مسافروں کو بھی شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پی آئی اے قومی ایئر لائن ہے اور یہاں بد انتظامی اور ادارے کے ملازمین کا سراپا احتجاج ہونا انتظامیہ کے دوہرے معیار اور نااہلی کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی اور بیروزگاری بڑھ رہی ہے اور ایسے نازک حالات میں پی آئی اے سے پائلٹوں کو برطرف کرنے کا عمل بیروزگاری میں مزید اضافہ کا سبب بنے گا ۔ حیدر عباس رضوی نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا کہ پی آئی اے میں 7پائلٹس کی برطرفی ، ادارے میں بد انتظامی اور احتجاجی صورتحال کا سختی سے نوٹس لیاجائے ، برطرف پائلٹوں کو بحال کیاجائے اور قومی ادارے کی ساکھ کو بحال کرنے کیلئے فی الفور عملی اور مثبت نوعیت کے اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.