5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
قرض معاف کرانے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی، حفیظ شیخ
جنگ نیوز -
اسلام آباد...مسلم لیگ ن کے10 نکاتی قومی ایجنڈے پر حکومت کے ساتھ مذاکرات کے چھٹے دور میں ہر بینک سے معاف کیے گئے100 بڑے قرضوں کی چھان بین کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم چیف الیکشن کمشنز کے تقرر کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اعلان وعدوں کے باوجود تیسری بار بھی نہیں کیا جا سکا۔مسلم لیگ ن اور حکومتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ بات چیت کا سلسلہ آیندہ دو روز بھی جاری رہے گا۔ آج کے مذاکرات میں ٹیکس اصلاحات کے ذریعے7 لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے نظام پر غور کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پچھلے سال ساڑھے چھ ارب کے ٹیکس ری فنڈ دیئے گئے تھے اس سال اب تک18 ارب روپے دیئے گئے ہیں۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ ملک میں مادر پدر آزاد مہنگائی ہے۔ اگر ایک روپیہ قیمت بڑھے تو منافع خور10 روپے تک وصول کر رہے ہیں۔ آیندہ ہفتے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ان منافع خوروں کے خلاف نظام وضع کریں گی۔ اسحاق ڈار نے توقع ظاہر کی کہ اسپیکر قومی اسمبلی چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اعلان جلد کریں گی۔