5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال جاری، مزید کئی پروازیں منسوخ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک بھر میں پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال اور احتجاج کا سلسلہ آج بھی جاری جس کے باعث ملک کے مختلف شہروں میں پی آئی اے پروازوں کی آمد و روانگی کا شیڈول سخت متاثرہورہا ہے۔اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایر پورٹ سے رات گئے پی آئی اے کی پرواز 308 کو اسلام آبادسے کراچی آناتھا تاہم ملازمین کے احتجاج کے بعد مسافروں کو دوسری پرواز 3092 کے بورڈنگ جاری کیے گئے۔انتظامیہ دوسری پرواز 3092 کو بھی اسلام آباد ایرپورٹ سے کراچی روانہ نہ کرسکے۔علی الصبح بے نظیر انٹرنیشنل ایر پورٹ سے کراچی ،لاہور ،گلگت اور چترال جانے والی چار پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے ،ادھرپی آئی اے ذرائع کے مطابق کراچی سے سکھر جانے والی پی کے 538 اور سکھر سے کراچی آنے والی پی کے 539 کو منسوخ کردیا گیا۔دوسری جانب کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی کے 3002 جبکہ اسلام آباد سے لاہور جانے والی پی کے 385 بھی منسوخ کردی گئی۔اسی طرح انتظامیہ کو دمام سے اسلام آباد براستہ سیالکوٹ آنے والی پرواز پی کے 246جبکہ ریاض سے لاہور براستہ پشاور آنے والی پرواز پی کے 756 کو بھی منسوخ کرنا پڑا۔لاہور سے کوئٹہ جانے والی پرواز پی کے 323 جبکہ کوئٹہ سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 322 بھی منسوخ ہوگئی۔ لاہور سے دہلی جانے والی پرواز پی کے 270 جبکہ دہلی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 271 بھی منسوخ کردی گئی۔پروازیں منسوخ ہونے کے باعث ایر پورٹس پر مسافروں کو سخت پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔