5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
گوجرانوالہ، سی آئی اے اور اسپیشل برانچ کی عمارتوں کے باہر دھماکے
جنگ نیوز -
گوجرانوالہ … گوجرانوالہ میں سی آئی اے اور اسپیشل برانچ کے دفاتر کے باہر ہلکی نوعیت کے دو دھماکے ہوئے جبکہ تیسرا بم ناکارہ بنا دیا گیا۔ دونوں عمارتوں کی بیرونی دیوارکو نقصان پہنچا اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سی آئی اے سینٹر کی بلڈنگ کے قریب ہوئے۔ دھماکوں کے بعد سی آئی اے سینٹر کی بیرونی دیواریں گرگئیں اور دھماکوں کی جگہ پر گہرے گڑھے پڑگئے۔ایس پی سول لائن مبشر میکن کا کہنا ہے کہ دونوں دھماکے نصب شدہ بارودی مواد پھٹنے سے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ سی آئی اے کی بلڈنگ کے باہر نصب شدہ تیسرے بم کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امدادی کارروائیوں کے لئے موقع پر پہنچ گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکوں میں یامین نامی ایک شہری گردن پر شیشہ لگنے سے شدید زخمی ہوا ہے۔ حکام نے سرکاری عمارتوں کی طرف جانے والے والے تمام راستے سیل کرکے سیکیورٹی ریڈ الرٹ کردی ہے۔