5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
گوجرانوالہ میں یکے بعد دیگرے 3دھماکے،4افراد زخمی
جنگ نیوز -
گوجرانوالہ … گوجرانوالہ میں سی آئی اے، اسپیشل برانچ اور پولیس ریسٹ ہاؤس پر ہلکی نوعیت کے تین دھماکے ہوئے ،،، جبکہ ایک بم کو ناکارہ بنا دیا گیا ،،دھماکوں سے چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق پہلا دھماکا سی آئی اے آفس کے باہر ہوا،دھماکے سے سی آئی اے سینٹر کی بیرونی دیوار گر گئی اور اُس جگہ پر گڑھا پڑ گیا۔ دوسرا دھماکا اسپیشل برانچ کی بلڈنگ کے باہر ہوا۔ دھماکے سے عمارت کی دیوار کو نقصان پہنچا۔ ایس پی سول لائن مبشر میکن کا کہنا ہے کہ دونوں دھماکے نصب شدہ بارودی مواد پھٹنے سے ہوئے۔ جبکہ سی آئی اے کی بلڈنگ کے باہر نصب ایک اور بم کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امدادی کارروائیوں کے لئے موقع پر پہنچ گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکوں میں یامین نامی ایک شہری گردن پر شیشہ لگنے سے شدید زخمی ہوا ہے۔کچھ دیر بعد پولیس ریسٹ ہاؤس میں واقع اے ایس پی انڈر ٹریننگ ندا چٹھہ کے کمرے کی چھت پر دھماکا ہوا ۔دھماکے سے ملحقہ میڈیکل کمپلیکس کے شیشے ٹوٹ گئے اورشیشے لگنے سے تین افراد معمولی زخمی ہوگئے۔دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔تمام سرکاری عمارتوں میں ریڈ الرٹ کردیا گیا ہے اور تعلیمی اداروں اور شاپنگ پلازہ کے باہر سیکورٹی تعینات کی جارہی ہے۔ سیکورٹی کے پیش نظر سی پی او آفس کو خالی کرا دیا گیا۔