15 جنوری 2012
وقت اشاعت: 15:19
کراچی حیدرآباد موٹر وے کا ٹھیکہ ملائیشین کمپنی کو دینے کا فیصلہ
آج نیوز - نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے چوبیس ارب تیرانوے کروڑ روپے مالیت کا کراچی حیدرآباد موٹر وے ایم نائن پراجیکٹ کا ٹھیکہ ملائیشین کمپنی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ سید محمد علی گردیزی کی سربراہی میں ہونے والے این ایچ اے بورڈ آف ڈائریکٹر کے اجلاس میں کیا گیا۔ بورڈ نے بلٹ ، آپریٹ ،ٹرانسفر کی بنیاد پر یہ پراجکٹ اٹھائیس سالہ مدت کے لئے ملائیشین کمپنی ایم ایس بناپوری ہولڈنگز کو دینے کی منظوری دی ہے۔ جس کے تحت موجودہ چار لین پر مشتمل کراچی حیدرآباد سپر ہائی وے کو چھ لین پر مشتمل موٹر وے میں تبدیل کیا جائے گا۔ منصوبے پر اگلے ماہ سے تعمیراتی کام شروع ہوجائے گا۔جس میں سات انٹرچینجز ، دو سروس ایریاز اور سولہ ٹول پلازہ بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ معاہدے کے مطابق ایک سو چھتیس کلومیٹر طویل کراچی حیدرآباد موٹر وے پراجیکٹ اگلے تین سال میں مکمل ہونا ہے۔ منصوبے کی تکمیل میں این ایل سی اور ای او بی آئی سمیت ترکی اور چین کی کمپنیوں نے بھی دلچسپی ظاہر کی تھی۔