16 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 6:5
بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن نے اعداد و شمار جاری کر دیے
جیو نیوز - کراچی........بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں سندھ کے 8 اضلاع میں15ہزار542 امیدوارمدمقابل ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے یہ تو بتا دیا مگر یہ نہیں بتایا کہ کل نشستیں کتنی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے ادھورے اعدادو شمار جاری کر دیے ۔نشستوں کی تعدادبتائے بغیرالیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سندھ میں یونین کونسلزکے چیئرمین اوروائس چیئرمین کے لیے ایک ہزار 945 امیدوار مد مقابل ہیں۔
تحصیل کونسل کی رکنیت کے لیے 2 ہزار 506 امیدوارمدمقابل ہیں۔میونسپل کارپوریشن کے لیے2 ہزار 173 امیدوار وں میں مقابلہ ہے۔ یونین کمیٹی کی جنرل نشستوں پر ایک ہزار 113 امیدوار مد مقابل ہیں،یونین کونسل کی جنرل نشستوں پر6ہزار4امیدوارمدمقابل ہوں گے۔
ڈسٹرکٹ کونسل کے لیے ایک ہزار 801 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔پنجاب کے 12 اضلاع میں یونین کونسل اور وارڈزمیں 2 ہزار 696نشستوں پربلدیاتی انتخاب ہوں گے ۔ یونین کونسلز کے چیئر مین اور وائس چیئرمین کی نشستوں پر6 307 امیدوار ہیں ۔
یونین کونسلز کی جنرل نشستوں پر33 ہزار794 امیدوارہیں۔جنرل نشستوں پر756امیدواربلامقابلہ منتخب بھی ہوچکے ہیں مگر الیکشن کمیشن نے ان کامیاب امیدواروں کی کوئی تفصیلات نہیں دیں۔ چیئرمین کے لیے 15اوروائس چیئرمین کے لیے 7 خواتین امیدوار جبکہ جنرل نشستوں کے لیے 156 اقلیتی امیدوار بھی میدان میں ہیں۔