16 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 11:15
کراچی: صدر میں قائم پارکنگ پلازہ فعال ہوگیا
جیو نیوز - کراچی......کراچی کے مصروف ترین کاروباری علاقےصدر کو پارکنگ فری زون بنانے کے لیے کے ایم سی نے پارکنگ پلازہ سے مفت شٹل سروس شروع کردی ہے لیکن شہریوں کا پارکنگ پلازہ کی جانب رجحان نہ ہونے کے باعث بس پورا دن پارکنگ پلازہ کے سامنے کھڑی رہی۔
کراچی کا مصروف ترین علاقہ صدر جہاں پارکنگ اور ٹریفک جام کے مسائل انتہا کو پہنچ گئے ہیں۔ انہیں مسائل کو حل کرنے کے لیے کے ایم سی کی جانب سے لائینز ایریا میں قائم پارکنگ پلازہ سے مفت شٹل سروس شروع کی گئی ہے۔
شٹل سروس پلازہ سے زینب مارکیٹ،الیکٹرونکس مارکیٹ،صدر جی پی او اور سنگر چوک تک چلائی جائے گی ۔ ابتدا میں دو روٹس مختص کیے گئے ہیں۔ پہلا روٹ پارکنگ پلازہ سے زینب مارکیٹ اور دوسرا پارکنگ پلازہ سے الیکٹرونکس مارکیٹ تک ہے ۔
شٹل سروس کے پہلے روز شہریوں نے پارکنگ پلازہ کی جانب رخ نہ کیا جسکے باعث بس پورا دن اپنی جگہ پر کھڑی رہیں۔ شٹل سروس کے ساتھ ساتھ پارکنگ پلازہ میں قائم مانیٹرنگ روم بھی فعال کردیا گیا ہے جہا ں پارکنگ پلازہ اور اسکے اطراف میں نصب55کیمروں سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
کے ایم سی کی جانب سے صدر میں پارکنگ پر پابندی تو عائد کردی گئی ہے لیکن نگرانی نہ ہونے کے باعث اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے۔صدر کو پارکنگ فری ایریا بنانے کے لیے مفٹ شٹل سروس کا آغاز انتظامیہ کی ایک اچھی کوشش ہے لیکن اس کوشش کو کامیاب بنانے کے لیے عوام کو انتظامیہ کا ساتھ دینا ہوگا۔