16 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 16:20
کراچی کی سڑکوں پر کم عمروں نے کارروائیاں تیز کر دیں
جیو نیوز - کراچی........کراچی میں مجرموں کا نیا طبقہ پیدا ہوگیا، بڑے مجرموں کی پکڑ دھکڑ میں چھوٹے ملزمان ایکٹو ہوگئے، شہر کی سڑکوں پرکم عمر ملزمان نے کارروائیاں تیز کردیں۔
نارتھ ناظم آباد،ناظم آباد،گلشن اقبال،گلستان جوہر،کلفٹن اور ڈیفنس کے رہائشی پریشان، کراچی میں بڑے بڑے دہشتگردوں کے خلاف تو قانون کا گھیرا تنگ ہو گیا لیکن چھوٹے ملزمان پر قانون کی گرفت ڈھیلی پڑ گئی، شہر کی سڑکوں پرکم عمر دہشت گردوں نے کارروائیاں تیز کردیں۔
تجرے کار جرائم پیشہ افراد کی طرح معصوم ہاتھوں نے بھی پکی کارروائیاں دکھانا شروع کر دیں،کراچی میں چور اچکوں اور لٹیروں کا ایک نیا طبقہ پیدا ہوگیا، روشنیوں کے شہر کے پوش علاقوں سمیت کئی علاقوں میں ان،،ٹین ایجر ملزمان نے شہریوں کی ناک میں دم کررکھا ہے۔
یہ ملزمان اتنے شاطر ہیں کہ کارروائی کر کے صاف نکل جاتے ہیں اور پولیس ہاتھ ملتی رہ جاتی ہے۔ اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ان ملزمان نےگزشتہ دو ماہ سے نارتھ ناظم آباد،ناظم آباد،گلشن اقبال،گلستان جوہر،کلفٹن اور ڈیفنس کے رہائشیوں کو خوف میں مبتلا کر رکھا ہے۔
دکانوں اورگاڑی میں سوار لوگوں کو لوٹنا ان کا معمول بن چکا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ ان واقعات کے خلاف پولیس میں کئی بار شکایات درج کرا چکے لیکن اب تک کوئی مجرم نہیں پکڑا گیا۔