17 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 16:36
بھارتی لڑکی گیتا کا شادی شدہ ہونے سے انکار
جیو نیوز - کراچی.......کراچی کے ایدھی سینٹر میں مقیم بھارتی لڑکی گیتا کا اپنے اہلخانہ ہونے کے دعویداروں سے اسکائپ پر رابطہ ہوا ہے ، گھر والے کہتے ہیں گیتا کا نام ہیرا ہے، وہ شادی شدہ اور ایک بچے کی ماں ہے جبکہ گیتا نے شادی شدہ ہونے سے انکار کیا ہے۔
گیتا کی زندگی میں خوشیاں کچھ پل ہی دور محسوس ہورہی تھیں ،لیکن اب گیتا کے ممکنہ اہل خانہ کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا ہے کہ گیتا نہ صرف شادی شدہ ہے بلکہ ایک بیٹے کی ماں بھی۔بھارتی میڈیا پر گیتا سے منسوب کی جانے والی تصویر کو جیو نیوز نے گیتا کو دکھایا تو گیتا نے اپنی تصویر ماننے سے انکار کردیا۔
بے زبان گیتا اشاروں میں بات کرتی ہے اور ممکن ہے کہ اس کے اشارے پوری طرح سمجھ نہ آتے ہوں۔ گیتا نے بھارتی سفارتخانے سے آنے والی اہلخانہ کی تصویر کو شناخت کرلیا تھا جس میں اس کی ماں بھی موجود تھی تاہم آج ایک اور تصویر میں گیتا نے اس عورت کو پہچاننے سے انکار کردیا جبکہ دونوں تصویروں میں اس خاتون نے ایک ہی ساڑھی پہنی ہوئی ہے۔
بلقیس ایدھی کے مطابق گیتا کی بھارت روانگی کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ کیا گیتا نے اپنے خاند ان کو پہچاننے میں غلطی کررہی ہے؟ایدھی انتظامیہ کے مطابق گیتا کی نیو دہلی روانگی 26 اکتوبر کو متوقع ہے،لیکن ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ہی گیتا کو متعلقہ خاندان کے حوالے کیا جائے گا۔