17 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 17:31
گلگت بلتستان،وادی سوات میں سرد ہوائیں چلنے لگیں
جیو نیوز - گلگت .......گلگت بلتستان،وادی سوات میں سرد ہوائیں چلنے لگیں، موسم ٹھنڈا ہوگیا ، لوگوں نےگرم کپڑوں کا استعمال بھی شروع کردیا۔محکمہ موسمیات نےپیش گوئی کی ہے کہ آج خیبر پختونخوا اور پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش ہو گی اور موسم سرد ہو جائے گا۔
بالائی علاقوں میں موسم سرما کی دستک، آہستہ آہستہ گرم ملبوسات کی دکانیں سجنا شروع ہوگئیں۔ گلگت بلتستان میں موسم بدلنے لگا ہے اوردرجہ حرارت میں کمی کے ساتھ سردی آہستہ آہستہ اپنے قدم جما رہی ہے۔ استور، غذر، دیامر، ہنزہ نگر میں موسم آبر آلود ہے اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کا احساس ہونے لگا ہے اور شہری ہلکے گرم ملبوسات کا استعمال کررہے ہیں ۔
ادھر وادی سوات کے بیشتر حصوں میں ہلکی پھلکی سردی شروع ہوگئی ہے۔ مری میں بھی سردی بڑھتی جارہی ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوںمیں مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے، موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔سندھ، پنجاب کے شہروں میں موس م اتنا سرد نہیں ہے پر اکثر رات میں خنکی بڑھ جاتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اورپیر کو ملک کے بالائی علاقوں خیبرپختونخواہ، اسلام آباد، بالائی پنجاب، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کےساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ پیر کے روز مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے ۔